ترقیاتی بجٹ میں شیئرکم دیا جارہا ہے،وفاق سے پی ایس ڈی پی بجٹ میں جائز شیئر کی توقع کرتے ہیں:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی اسلام آباد میں پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں شرکت،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اوردیگر کی شرکت
رواں مالی سال کے فیڈرل پی ایس ڈی پی بجٹ سے پنجاب میں جاری میگا پراجیکٹس پر پیش رفت اورتکمیل کے امور کا جائزہ
لائیوسٹاک،پرائمری ہیلتھ،انڈسٹری،فوڈ سکیورٹی ایشوز،سڑکوں کی تعمیر و توسیع اوردورویہ شاہراہوں کی تعمیر پر بریفنگ
اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان ترقیاتی منصوبوں پراشتراک کار اورروابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور
ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،ہر ضلع میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج جارہے ہیں:وزیراعلیٰ
پنجاب میں نکاسی آب کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں تعاون کریں گے:جہانزیب خان ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن
لاہور (ویب نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسلام آباد میں پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان،سیکرٹری پلاننگ کمیشن حامد یعقوب شیخ،ایڈیشنل سیکرٹری اورممبر پلاننگ کمیٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں رواں مالی سال کے فیڈرل پی ایس ڈی پی بجٹ سے پنجاب میں میگا پراجیکٹس کا جائزہ لیاگیا۔فیڈرل پی ایس ڈی پی سے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر پیشرفت پرغورکیاگیا اوران کی مقررمدت میں تکمیل پر زور دیا گیا۔شرکاء کو لائیوسٹاک،پرائمری ہیلتھ، ایجوکیشن،انڈسٹری اورفوڈ سکیورٹی ایشوز پر بریفنگ دی گئی۔پلاننگ کمیشن نے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر نو،توسیع اوردورویہ شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کابھی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان ترقیاتی منصوبوں پراشتراک کار اورروابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود پنجاب کو ترقیاتی بجٹ میں شیئرکم دیا جارہا ہے۔وفاق سے پی ایس ڈی پی بجٹ میں جائز شیئر دینے کی توقع کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی ضروریات اورمسائل کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبے تیار کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمدت تکمیل کی پابندی کو مدنظر رکھا جائے۔پنجاب کے ہر ضلع میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج جارہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان نے کہا کہ پنجاب میں فیڈرل حکومت کے ذریعے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹوں کو دورکیا جائے۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن نے کہا کہپی ایس ڈی پی بجٹ میں پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے میگاپراجیکٹ دیئے جائیں۔پنجاب میں نکاسی آب کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں تعاون کریں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اوردیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔