کرونا وائرس کے پیش نظرمسجد الحرام میں 70 تھرمل کیمرے نصب
ان کیمروں کی نگرانی پر 500 افراد کو مامور کیا گیا ہے، ادارہ امور حرمین شریفین
ریاض(ویب نیوز) سعودی حکام نے کرونا وائرس کے پیش نظرمسجد الحرام میں 70 تھرمل کیمرے نصب کر دیے ہیں ۔ ان کیمروں کی نگرانی پر 500 افراد کو مامور کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد الحرام میں آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کے لیے 70 تھرمل کیمرے نصب کیے ہیں جن کی نگرانی پر 500 افراد کو مامور کیا گیا ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں ادارہ انسداد وبائی امراض کے ڈائریکٹر حسن بن برکات السویھری نے بتایا کہ جدید ترین تھرمل کیمروں کی مدد سے وہاں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت فوری طورپر نوٹ کیا جا سکے گا۔کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں جو کلر کوڈنگ کے ذریعے آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جدید ترین کیمرے 6 میٹر کی دوری سے بھی جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کر سکتے ہیں جس سے اس امر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آنے والے شخص کو بخار تو نہیں اگر کسی زائر کا جسمانی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو تو کارکن احتیاطی تدابیر کے تحت اسے فوری طور پر دوسروں سے الگ کر دیتے ہیں۔