جنرل ہسپتال اور پی آئی این ایس کا طبی عملہ طویل مسافت پیدل طے کر کے ڈیوٹی پر پہنچا
مشکل حالات میں اپنی خدمات پیش کرنے والوں کو ادارہ بھی یاد رکھے گا : پروفیسر الفرید ظفر، پروفیسر خالد محمود
کورونا کی تیسری لہر ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے چیلنج ہے ،پیچھے نہیں ہٹیں گے
لاہور (ویب نیوز)گزشتہ روز سے لاہور شہر کے گردو پیش میں ٹریفک بند ہونے اور خراب صورتحال کے باوجود جنرل ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے بیشتر ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈکس طویل مسافت پیدل طے کر کے اپنے فرائض کی بجا آوری کیلئے ڈیوٹی پر پہنچے جس پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سے شاباش حاصل کی ۔انہوںنے کہا کہ مشکل حالات میں اپنی خدمات پیش کرنے والوں کو ادارہ یاد رکھے گا اور انہیں دکھی انسانیت کی خدمت میں فرنٹ لائن پر اپنی جانوں کی پروا ہ کیے بغیر کام کرنے والوں کا ہر سطح پر اعتراف ہوگا۔منگل کے روز بالخصوص کاہنہ ،یوحنا آباد اور شہر کے گردو نواح سے آنے والے نرسنگ و میڈیکل سٹاف نے ثابت کر دیا کہ مسیحا مشکل کے وقت میں ہی کام آتے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دونوں اداروں کے سربراہان نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی اور میڈیکل سٹاف کسی بھی قیمت پر مریضوں کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے اور بالخصوص کورونا کی تیسری لہر کے باعث ہسپتالوں پر پہلے ہی کافی دباؤ ہے اور ہمیں ان تقاضوں سے عہدہ برآ ہوتے ہوئے ہر حال میں میڈیکل سروسز کو جاری رکھنا ہے۔پروفیسر الفرید ظفراور پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ جنرل ہسپتال اور پی آئی این ایس کو سرکاری ہسپتالوں میں منفرد مقام حاصل ہے جہاں دور دراز سے مریض لائے جاتے ہیں اور ٹریفک بند ہونے کے باوجود ڈاکٹرز،نرسز اور میڈیکل سٹاف نے اپنے فرائض سر انجام دے کر نئی مثال قائم کی ہے جس پر میں ادارے کے سربراہ اور ذاتی طور پر اُن کے شکرگزار ہیںاور توقع ہے کہ آئندہ بھی اسی جو ش و جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دیں گے ۔پرنسپل پی جی ایم آئی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں میڈیکل کے میدان میں بڑا چیلنج درپیش ہے اور ڈاکٹرز سے لے کر وارڈ بوائے تک کوئی اس سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور ہم شہریوں کی خدمت کے لئے24گھنٹے موجود رہیں گے۔