اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا، وزیراعظم نے امریکا افغان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی اور افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں رمضان کے مقدس مہینے کی آمد کی مبارک باد کا تبادلہ کیا گیا۔ دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پرتفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انٹرا افغان مذاکرات افغانستان میں قیام امن کے لیے تاریخی موقع ہیں، پاکستان افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے امریکا طالبان امن معاہدے، انٹرا افغان مذاکرات کی مکمل حمایت اور مدد کی ہے، افغان قیادت کو وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کے اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کوششوں کی ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل میں ترکی کے کردار کی تعریف کی۔ پاک ترک قیادت نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لیے اعلی سطح کے تبادلے بڑھانے پر اتفاق کیا۔