پشاور (ویب ڈیسک)
پاکستان میں متعین چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کا گراف اوپر جا رہا ہے۔ پاکستان میں نئے منصوبے بھی زیر غور ہیں، عوام بہت جلد خوشخبری سنیں گے۔ پشاور میں چائنہ ونڈو سینٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی بہت پرانی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین آپس میں بھائی بھائی ہیں، ہر مشکل دور میں آپس میں تعاون کیا ہے۔ کوویڈ کی صورتحال میں بھی پاکستان سے باہمی تعاون کو یقینی بنایا۔ اجتماعی کوششوں سے کوویڈ کو شکست دینگے۔نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ رشکئی صنعتی زون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک کو بھرپور توجہ مل رہی ہے اورنج لائن، گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے جڑے نئے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ عوام انتظار کریں، بہت جلد سی پیک کے حوالے خوشخبری سنیں گے۔ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی مشکلات پر توجہ دی جائیگی۔قبل ازیں چینی سفیر نے چائنا ونڈو سنٹر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔ چینی سفیر نے پاک چین دوستی اور سی پیک کی تاریخی تصاویر میں دلچسپی لی۔ سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے اور پودا بھی لگایا.