چین طالبان کی عبوری حکومت کے دوران افغانستان میں سفیر تعینات کرنیوالا پہلا ملک بن گیا

چینی سفیر ژا شینگ نے وزیراعظم ملاحسن اخوند کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں

  افغانستان میں چینی سفیر کی تعیناتی معمول کا اقدام ہے،چینی وزارت خارجہ

کابل،بیجنگ( ویب  نیوز)

چین طالبان کی عبوری حکومت کے دوران افغانستان میں اپنا سفیر تعینات کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔افغان میڈیا کے مطابق نائب ترجمان طالبان بلال کریمی کا کہنا ہے کہ چینی سفیر ژا شینگ نے وزیراعظم ملاحسن اخوند کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔انہوں نے بتایا کہ  وزیراعظم ملا حسن اخوند نے سفارتی تقریب میں چینی سفیر کی  اسناد قبول کیں۔افغانستان میں طالبان کی  عبوری حکومت قیام کے بعد سے یہ کسی ملک کے سفیر کی پہلی تعیناتی ہے، 2021 میں افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد سے اب تک کسی ملک نے طالبان حکومت کو باضابطہ تسلیم نہیں کیا۔واضح رہے کہ افغانستان میں 2019 میں تعینات چینی سفیر کی مدت ملازمت گزشتہ ماہ ختم ہوئی تھی۔دوسری جانب چین میں افغان سفیر کی تعیناتی پر چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں چینی سفیر کی تعیناتی معمول کا اقدام ہے، سفیر کی تعیناتی کا مقصد چین،افغان بات چیت اور تعاون آگے بڑھانا ہے۔چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متعلق چین کی پالیسی واضح اور مستقل ہے، افغانستان  کے لیے چین کے سابق سفیر  وانگ وو تھے جنہوں نے 2019 میں اپنی ذمے داریاں سنبھالی تھیں، وہ گذشتہ ماہ اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوئے تھے۔کابل میں اگرچہ مختلف ممالک کے سفرا موجود ہیں تاہم وہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی افغانستان میں تعینات تھے