لاہور (ویب ڈیسک)

قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام ملک میں موجود تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی۔نیب کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 ، حدیبیہ پیپر ملز میں 3 لاکھ 43 ہزار 425، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48 ہزار 606 شیئرز ہیں۔ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکائونٹس ہیں، ان کے 5 بینک اکائونٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکائونٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پائونڈز موجود ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے ، لاہور اور شیخو پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اورگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادوں کے حوالے سے رپورٹ دی ہیں، جس کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے۔ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال، شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی ہے۔ اس کے علاوہ مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد بھی ہے۔