اسلام آ باد (ویب ڈیسک)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں کے پاکستان داخلے پر پابندی عائد کر دی ،وفاقی وزیراسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ پر بریفنگ دی گئی  اوربھارت کو 2 ہفتوں کیلئے کیٹگری سی ممالک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،این سی او سی کے فیصلے کے مطابق پابندی بھارت سے فضائی اور زمینی راستے سے آنے والے مسافروں پرلگائی گئی ہے،این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں تیزی سے پھیلاؤکی وجہ اسی نئی قسم کو قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت میں وائرس کے پیش نظر کیٹگری سی کے ممالک پر نظرثانی کیلئے اجلاس 21 اپریل کو ہو گا۔ خیال رہے کہ بھارت میں پیرکو ایک دن میں ریکارڈ کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔بھارت میں ایک ہی روز میں 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید ایک ہزار 625 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد بھارت میں اموات ایک لاکھ 78 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔بھارت اس وقت دنیا بھر میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔