امرتسر (ویب ڈیسک)
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی قانونی ماہرین پاکستانی کبوتر کے خلاف مقدمے کے اندراج کا فیصلہ کریں گے ۔ بھارتی پنجاب میں پاکستان سے ملنے والی سرحد پر ایک کبوتر کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس(بی ایس ایف) نے پکڑ لیا ہے ۔ بی ایس ایف نے کبوتر کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور پولیس سے کہا ہے کہ پاکستان کے جاسوس کبوتر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔ کبوتر کو ضلع فیروز پور کے خان گڑھ پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق بی ایس ایف کا دعوی ہے کہ کبوتر دراندازی کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوا ہے ۔بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کبوتر گذشتہ ہفتے امرتسر کے رو را والاRorawala پوسٹ پر بی ایس ایف کے جوان کے کندھے پر جاکر بیٹھ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے کبوتر کے خلاف قانونی کارروائی کا تحریری مطالبہ کیا ہے ۔ ۔پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ ، دھرو دہیا Dhruv Dahiya,نے بتایا کہ ، بی ایس ایف نے کبوتر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔چونکہ کبوتر ایک پرندہ ہے اس لئے میں نہیں سمجھتا کہ اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے۔ لیکن ہم نے معاملہ اپنے قانونی ماہرین کے پاس بھیج دیا ہے۔