اسلام وبا کے شکار افراد سے صحت مند افراد کی جانوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے،بیان

ریاض (ویب ڈیسک)

سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علما کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا دوسرے لوگوں سے میل جول حرام ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد دوسرے لوگوں کے ساتھ میل جول  سے گریز کریں ، جو افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہو گئے ہوں انکا دوسرے افراد کے ساتھ میل جول رکھنا حرام  ہے، اسلام وبا کے شکار افراد سے صحت مند افراد کی جانوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت کریں۔انہوں نے شہریوں اورغیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ وبا کی روک تھام کے لیے حکومت اور سرکاری اداروں کی طرف سے وضع کردہ شرائط و ضوابط پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔