• چین کی ثالثی میں معاہدہ، مشترکہ سلامتی، تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، شہزادہ فیصل بن فرحان کا انٹرویو

ریاض (ویب نیوز)

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات 2 ماہ میں بحال ہو جائیں گے، سفارتی تعلقات بحالی کا مطلب تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں، ایران کی جوہری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ باعث تشویش ہے۔ سعودی میڈیا کوانٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران اورسعودی عرب بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کا معاہدہ مشترکہ خواہشات کا عکاس ہے۔ سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ سفارتی تعلقات بحالی کا مطلب ایران سے تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں، ایران کی جوہری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، خلیجی ممالک، مشرق وسطی کو تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مطالبے کو دہراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری ذمے داریوں کو پورا کرے، ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون بڑھائے، چین کے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مثبت تعلقات ہیں۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ بھی کہا کہ چین کی ثالثی میں معاہدہ، مشترکہ سلامتی، تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، معاہدے کے مطابق ایرانی ہم منصب سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔