سی ڈی اے نان کنفرمنگ کاروباروں کو ریگولیرائز کرنے کیلئے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کرے۔ علی نواز اعوان
کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کر کے ہی معیشت کو بہتر طور پر بحال کیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک وفد کے ہمراہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان سے ملاقات کی اور نان کنفرمنگ کاروباروں کا مسئلہ حل کرنے کے معاملے پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا تا کہ وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ عبد الرؤف عالم کنوینر آئی سی سی آئی سی ڈی اے کمیٹی، چوہدری ندیم الدین چیئرمین ٹاسک فورس، ناصر چوہدری، طہماس بٹ اور سی ڈی اے حکام اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے نان کنفرمنگ کاروباروں کے خلاف کارروائی سے کاروباری سرگرمیوں پر پڑنے والے منفی اثرات سے علی نواز اعوان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ایسے حالات میں جبکہ کروناوائرس کی وجہ سے ہماری معیشت پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے دکانوں کو سیل کرنے یا صنعتوں کو شو کاز نوٹس جاری کرنے سے کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہو ں گی جس سے معیشت کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ جن کاروباروں کو سیل کیا گیا اور جن صنعتوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں وہ گذشتہ کئی سالوں سے دارالحکومت میں کاروبار میں مصروف ہیں اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں مثبت کردار ادا کر نے کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کو روزگار فراہم کئے ہوئے ہیں لہذا ان کو سیل کرنا یا انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنا موجودہ حالات میں معیشت کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے مناسب چارجز وصول کر کے نان کنفرمنگ کاروباروں کو باقاعدہ بنانے کے طریقہ کار پر غور کرے جس سے سی ڈی اے کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نان کنفرمنگ کاروبار کے مسئلے کا بہتر حل یہی ہے کہ ان کو ریگولیرائز کیا جائے تا کہ کاروباری سرگرمیاں تواتر کے ساتھ جاری رہیں۔ انہوں نے صنعتی شعبے کیلئے ٹریڈ کی تبدیلی کے معاملے کو آسان بنانے کیلئے بھی علی نواز اعوان کے ساتھ مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے پر توجہ دی جائے تا کہ وہ برآمدات میں مزید اضافہ کر کے معیشت کی بحالی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
عبدالرؤف عالم کنوینر آئی سی سی آئی سی ڈی اے کمیٹی، چوہدری ندیم الدین چیرمین ٹاسک فورس اور وفد کے دیگر ممبران نے بھی نان کنفرمنگ کاروباروں کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے علی نواز اعوان کو مختلف تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ان پر عمل کر نے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت بھی مشکلات سے نکل کر بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے حکام قانونی تقاضے پورے کر کے نان کنفرمنگ کاروباروں کو باقاعدہ بنانے کے لئے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے سیکٹر وائز لسٹیں تیار کرے اور لیگل فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے تمام نان کنفرمنگ کاروباروں کو باقاعدہ بنانے کیلئے ٹائم لائنز طے کرے اور طے کردہ مدت میں ان کو ریگولیرائز کرنے کی کوشش کرے۔ علی نواز اعوان نے بزنس کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے کے امور پر بھی وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سی ڈی اے ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں سہولت فراہم کرنے اور اسلام آباد کومزید خوبصورت شہر بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی کوشش کرے گی۔