قومی رابطہ کمیٹی کی آکسیجن کی فراہمی کی سخت نگرانی کی ہدایت
17مئی تک ہفتہ میں دودن کیلئے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی
کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے مکمل لاک ڈائون بارے شراکت داروں سے مشاورت کا فیصلہ
صوبائی حکومتیں مدد کیلئے فوج طلب کرسکیں گی،وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے
اسلام آباد( ویب نیوز)قومی رابطہ کمیٹی نے کورونا وباء کے حوالے سے آکسیجن کی فراہمی کی سخت نگرانی کی ہدایت کردی، 17مئی تک ہفتہ میں دودن کیلئے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی، کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے مکمل لاک ڈائون کے بارے میں شراکت داروں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبائی حکومتیں مدد کیلئے فوج طلب کرسکیں گی۔ یہ فیصلے گزشتہ روز وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے ہیں۔ اجلاس کی کارروائی اور فیصلوں سے متعلق جاری بیان میں آگاہی دی گئی ہے کہ پانچ لاکھ سائنوفام ویکسین کی ڈوزز پاکستان پہنچ رہی ہیں اس حوالے سے پاک فضائیہ کی مدد لی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن علاقوں کے ہسپتالوں پر کورونا وائرس کے مریضوں کا زیادہ دبائو ہوگا وہاں مکمل لاک ڈائون کیا جائے گا۔ 17مئی تک بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کوہفتہ میں دو دن بند رکھا جائے گا۔ ہفتہ ، اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔ ٹرانسپورٹ، تعلیمی اداروں، تجارتی مراکز کو مکمل بند کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔60سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن ہوگی۔ اجلاس میںآکسیجن کی فراہمی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ قومی رابطہ کمیٹی نے آکسیجن فراہمی کی سخت نگرانی کی ہدایت کی ہے۔2811 آکسیجن بیڈز، 431 وینٹی لیٹرز مزید ہسپتالوں کوفراہم کردئیے گئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس زیادہ متاثرہ علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے صوبائی حکومتیں، فوج، ایف سی، رینجرز سے مدد طلب کرسکیں گی۔