اسلام آباد میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون نافذ

کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی، نوٹی فکیشن جاری

آکسیجن کی صنعتی شعبے کو فراہمی نہ روکی گئی تو اسپتالوں میں شدید کمی ہو سکتی ہے

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد انتظامیہ نے این سی او سی کی ہدایات پر رمضان المبارک کے حوالے سے اہم فیصلوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق 24 اپریل سے ہو گیااور 17 مئی تک نافذ رہے گا۔ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے نویں سے بارہویں سمیت بند رہیںگے، ہر طرح کے انڈور اور آٹ ڈور کھانوں پر پابندی عائد ہوگی، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، تمام انڈور جم بھی بند رہیںگے، تمام تجارتی سرگرمیاں شام 6 بجے سے سحری تک بند رہیںگی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون ہوگا، کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔پیر سے تمام سرکاری اور نجی دفاتر صبح نو سے دوپہر دو بجے تک کھلیں گے، تمام دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کی پالیسی برقرار رہے گی۔

پاکستان میں آکسیجن بنانے والی کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر کے دوران اگر آکسیجن کی صنعتی شعبے کو فراہمی نہ روکی گئی تو اسپتالوں میں شدید کمی ہو سکتی ہے۔حکام نے یہ خطرہ بھی ظاہر کیا ہے کہ اگر اسپتالوں کو مسلسل آکسیجن کی فراہمی نہ ہوئی تو بھارت جیسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔آکسیجن بنانے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ عام حالات میں ایک مہینے کا اسٹاک رکھتے ہیں لیکن موجود صورتحال میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر اسپتالوں کو آکسیجن فراہم کرنا پڑ رہی ہے۔پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کے مطابق ملک میں پانچ کمپنیاں ہیں جو اسپتالوں کو آکسیجن فراہم کرتی ہیں، موجودہ حالات میں وہ اپنی 100 فیصد پیداوار دے رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کیسز بڑھے تو آکسیجن بنانے والی کمپنیوں پر دبا بڑھ جائے گا۔