مٹیاری (ویب ڈیسک)
سندھ کے ضلع مٹیاری میں ہسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث ماں اور بچہ انتقال کر گئے، واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین رکنی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔۔مٹیاری کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر یار محمد کھوسہ نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ میں مڈ وائف کی غفلت اور ڈیوٹی ڈاکٹر کی عدم موجودگی کی شکایت ملی ہے۔مٹیاری کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے کہا کہ خاتون کی موت بچے کی پیدائش کے دوران زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی اور ایمبولینس ڈرائیور بھی چھٹی پر تھا اس لیے خاتون کو بر وقت دوسرے ہسپتال منتقل نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کے ورثا پرائیویٹ گاڑی میں مذکورہ خاتون کو لے کر حیدرآباد گئے تاہم خاتون راستے میں ہی انتقال کر گئیں۔ یار محمد کھوسہ نے کہا کہ واقعہ افسوس ناک ہے، غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ورثا نے ہسپتال کے عملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انصاف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔