چینی سرمایہ کاروں کامائنز اور توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار
مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت میں کافی حد تک ترقی ہوگی ‘لیقی ، ماژائو پنگ
سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے’ قربان علی
سی پیک منصوبہ اور اقتصادی زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ‘ مرزا عبدالرحمن
اسلام آباد(ویب نیوز ) قربان علی چیئرمین ، مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات ۔چینی سرمایہ کاروں کی مائنز اینڈ منرل اور بجلی کے چھوٹے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار ۔ پاکستا میں مائنز اینڈ منرل ، ہائیڈرو پاور ، زراعت، سیاحت ، تعمیراتی و صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع موقع موجود ہیں ۔ غیر ملکی سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ ایف پی سی سی آئی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گا۔ قربان علی اور مرزا عبدالرحمن کی وفد کو یقین دہانی ۔ تفصیلات کے مطابق چین کے صوبہ شیچوان سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کے وفد نے ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس میں چیئرمین قربان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن سے ملاقات کی ۔ وفد میں لیقی ، ماژائو پنگ، ژائو ون گوانگ اور خاتون سرمایہ کارلیو پنگ شامل تھے ۔ اس موقع پر گلگت چیمبر کے مشتاق حسین بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے ۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مائننگ کے شعبہ میں کاپر ، گرینائٹ ، گولڈ کی بڑی مائنیں ہیں مگر سرمایہ کاروں کو عدم تیاری کے باعث اس شعبے میں ناکامی کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایف پی سی سی آئی ہر شعبے میں سرمایہ کاروں کو معلومات کی فراہمی سمیت ہر قسم کا تعاون کرے گا ۔ قربان علی نے مزید کہا کہ پاکستان میں بے پناہ سرمایہ کاری کے موقع ہیں کوئی بھی سرمایہ کار ایف پی سی سی آئی سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کرسکتا ہے ۔ ہم سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے چینی گروپ سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ مائنز اینڈ منرل، سیاحت، تعمیرات ، ہائیڈرو پاور کے بہت سے منصوبے ہیں جن پر حکومت کی طرف سے بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا رشتہ روح اور جسم کی مانند ہے ۔ایف پی سی سی آئی کی کوشش ہے کہ وہ پاکستان اور چین کے تاجر بھائی مزید قریب آئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا کہ پاکستان ایک تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان کی سرمایہ کاری کے حوالے سے پالیسی میں بھی تسلسل ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے ۔ سی پیک منصوبہ اور اقتصادی زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لایا جائے ۔اس موقع پر چینی سرمایہ کار لیقی ، ماژائو پنگ ، ژائوون گوانگ اور لیوپنگ نے قربان علی اور مرزا عبدالرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مائنزاینڈمنرل اور 10سے 25میگا واٹ تک بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرینائٹ اور ماربل سیکٹر اور پاور سیکٹر میں ہماری کمپنی کام کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیچوان گروپ کا اسلام آباد میں بھی ایک دفتر ہے جس میں مختلف کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کارموجود ہیں جن کی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں پر کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت میں کافی حد تک ترقی ہوگی ۔