سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان میں دس ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہشمند ہیں

وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد جواد سہراب ملک سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی بات چیت

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان میں دس ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہشمند ہیں۔العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد جواد سہراب ملک کو ملاقات کے دوران کہی۔ سعودی سفیر نے اس عزم کااعادہ کیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں توانائی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دس ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ملاقات کے دوران جواد سہراب نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں آئندہ سات روز کے اندر دو ارب ڈالرز جمع کرانے کی تصدیق پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔دونوں ممالک نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کے شعبے میں متعدد مواقع موجود ہیں جن سے خلیجی ملکوں کے لئے برآمدات کے ذریعے نمایاں فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی محنت کشوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سعودی عزم کو سراہا۔ سعودی سفیر نے سعودی حکومت کی طرف سے رواں اور آئندہ سال کے دوران سعودی عرب میں مختلف شعبوں کیلئے پاکستان سے مزید افرادی قوت بھرتی کرنے میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔فریقین نے دوطرفہ کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پاکستان سے مزید افرادی قوت کی برآمد اور مختلف اقتصادی شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مفید بات چیت کی۔