آئی سی سی آئی کے وفد کی چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ سے ملاقات
بی او آئی سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے جلد ون ونڈو سہولت قائم کرے۔ سردار یاسر الیاس خان
سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔ عاطف بخاری
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک وفد کی قیادت میں وزیر مملکت / چیئرمین، بورڈ آف انوسٹمنٹ عاطف آر بخاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، ایگزیکٹو ممبران عمر حسین، عمیس خٹک اور عثمان خالد وفد میں شامل تھے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کی سیکرٹری فرینہ مظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل مکرم جاہ انور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد خاشی الرحمان، ڈائریکٹر جنرل جمیل احمد قریشی اور ڈائریکٹر جنرل ثریا جمال بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے مطالبہ کیا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے جلد ایک ون ونڈو سہولت قائم کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت، ہوٹل انڈسٹری اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں تاہم بزنس رجسٹریشن کا طویل طریقہ کار، پیچیدہ ٹیکس نظام، پالیسیوں کا عدم تسلسل، ناکافی پالیسی اصلاحات اور سرکاری محکموں میں کام کی سست رفتار مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے اہم رکاوٹیں ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی او آئی حکومت کے متعلقہ محکموں کے تعاون سے ان رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے جس سے سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی او آئی سمیت دیگر سرکاری محکموں کو چاہیے کہ پالیسی سازی کے عمل میں ملک کے اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی اعتماد میں لیا جائے جس سے مزید کاروبار دوستانہ پالیسیاں تشکیل دینے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی اور کاروبارو سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، عمر حسین، عمیس خٹک اور عثمان خالد ایگزیکٹو ممبران آئی سی سی آئی نے بھی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے غیر ملکی سفارت کار اور وفود آئی سی سی آئی اور دیگر چیمبروں کا دورہ کرتے رہتے ہیں لہذا بی او آئی باقاعدگی کے ساتھ چیمبروں کو ملک میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات شیئر کرتا رہے جس سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سود کی شرح میں مزید کٹوتی، ٹیکسوں کی اعلی شرحوں میں تخفیف، ٹیکس نظام کو آسان بنانے، زمین کی آسان فراہمی یقینی بنانے اور یوٹیلٹی سروسز کی جلد فراہمی سے ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا لہذا حکومت ان خطوط پر کام تیز کرے۔
آئی سی سی آئی کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر مملکت / چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ عاطف آر بخاری نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے بہت سے اقدامات پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریگولیٹری نظام کو جدید بنانے کا آغاز کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے بی او آئی کو لیڈ ایجنسی نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام پر عمل درآمد سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو کافی سہولت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی کو چاہئے کہ وہ سرمایہ کاری کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کی فہرست بنا کر بی او آئی کے ساتھ شیئر کرے تاکہ ان کو دور کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مکرم جاہ انور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل بی او آئی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ بطور فوکل پرسن کام کریں گے تا کہ دونوں اداروں کے مابین مضبوط روابط قائم کر کے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں کی جاسکیں۔ فرینہ مظہر سیکریٹری بی اوآئی اور بی او آئی وفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ بی او آئی نجی شعبے کو اعتماد میں لے کر سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرے گا۔