اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پارلیمنٹ ہائوس 3 مئی تک بندکردیا گیا، تمام سرگرمیاں معطل کردی گئیں، بند پارلیمنٹ ہائوس میں سی ڈی اے سینکڑوں ملازمین اور لفٹ آپریٹرز کو ڈیوٹیز کیلئے آنے پر مجبور کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی  شدت کے پیش نظر پارلیمنٹ ہائوس کو3 مئی تک بند کردیا گیا ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کو چھٹیاں دے دی گئیں، پارلیمانی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کی بندش کے باوجود اس ادارے میں وزیراعظم کے چیمبر، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبرز کی لفٹس اور دیگر مقامات پر قائم لفٹس کے آپریٹرز کو ڈیوٹیز پر آنے پر مجبور کردیا گیا جبکہ پارلیمنٹ ہائوس میں ویرانی ہے۔ اسی طرح سی ڈی اے کے سینکڑوں ضروری اور غیر ضروری ملازمین کی تفریق کے بغیر تمام ملازمین کو حاضر ہورنے پر مجبور کردیا گیا ہے اور سی ڈی اے کے یہ سینکڑوں ملازمین بھی  پارلیمنٹ ہائوس بندش کے باوجود آرہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس میں جلد ہی جراثیم کش چھڑکائو شروع ہو جائے گا۔ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ ہائوس کھل سکے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں سیکورٹی  کے تمام عملے کو بھی  ڈیوٹیز کا پابند بنایا گیا ہے۔