50سے 60سال کی عمر والے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسینیشن کی اجازت دیدی گئی ہے

وفاقی حکومت 30 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز وصول کر چکی ہے، جلد ہی مزید 20 لاکھ ڈوزز پہنچ جائیں گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہاہے کہ 40سال کی عمر سے زائد افراد آج ( منگل )سے کورونا ویکسی نیشن کیلئے خود کو رجسٹر کروائیں۔اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا اجلاس منعقد ہوا۔اسد عمر کی جانب سے این سی او سی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا ہے کہ آج ( منگل ) سے 40سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر آپ 40 سال یا اس سے بڑے ہیں تو اپنے آپ کو ویکسی نیشن کے لیے رجسٹرڈ کروائیںاور دوسروں کو رجسٹریشن کیلئے بھی حوصلہ افزائی کریں۔اسد عمر نے کہا ہے کہ 50سے 60سال کی عمر والے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسینیشن کی اجازت دیدی گئی ہے۔این سی او سی کے اجلاس کے بعد اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے جن اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ان اسپتالوں میں گنجائش مزید زیادہ کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی اور دیگر سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 30 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز وصول کر چکی ہے اور جلد ہی مزید 20 لاکھ ڈوزز پہنچ جائیں گی جبکہ پرائیویٹ سیکٹرز بھی اب تک 60 ہزار ڈوزز درآمد کر چکے ہیں۔ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پرائیویٹ سیکٹر کو ویکسین درآمد کرنے اور فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔