کورونا کیسز کم نہ ہوئے تو باقی شہروں میں بھی لاک ڈائون لگ سکتا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان
صرف تحفے اور ڈونیشن پر انحصار نہیں، 3کروڑ ویکسین ڈوز خریدنے کا معاہدہ کرلیا
پاکستان اسٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹ کو دیکھ رہے ہیں،مختلف ممالک سے بھی آکسیجن کی امپورٹ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے،پریس کانفرنس
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا میں بہتری نہیں آئی تو باقی شہروں میں بھی لاک ڈائون لگایا جاسکتا ہے، حکومت تحفے اور ڈونیشن میں ملنے والی ویکسین پر انحصار نہیں کررہی بلکہ تین کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں اور 3کروڑ ویکسین ڈوز خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی میں ملک کے شہروں کی صورتحال آتی ہے اور کورونا کی صورتحال سے شہر کے ہیلتھ سسٹم کا اندازہ لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر روز ہیلتھ کیئر سسٹم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں اور پاکستان اسٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹ کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ مختلف ممالک سے بھی آکسیجن کی امپورٹ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ آکسیجن کے پلانٹ کی منتقلی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ملک میں ویکسینیشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے ، ملک بھر میں 1200 ویکسین سینٹر ہیں اور اب تک 20 لاکھ سے زیادہ ویکسین کی ڈوز لگ چکی ہیں۔ کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈائون لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج کی مدد طلب کی اور اگر کورونا کیسز میں کمی نہیں آئی تو باقی شہروں میں بھی لاک ڈائون لگایا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسینیشن سے متعلق اطلاعات چلتی رہی ہیں کہ حکومت تحفے اور امداد میں ملنے والی ویکسین پر انحصار نہیں کررہی، 30 کروڑ ڈوز کی ڈیل کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے لیکن پاکستان تین کمپنیوں سے ویکسین خرید رہا ہے۔ ویکسین کی ڈیمانڈ زیادہ ہے اور سپلائی کم ہے جبکہ کئی ممالک کو ایڈوانس بکنگ کے باوجود ویکسین فراہم نہیں ہوسکی۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھاکہ 17لاکھ ڈوزز حکومت چین کی طرف سے تحفہ میں آئی ہے، کوویکس کی طرف سے آنے والی ویکسین نہیں ملی،ہم تین ویکسین مینوفیکچررز سے ویکسین خرید رہے ہیں، 30مارچ سے 30لاکھ ویکسین ڈوز خرید چکے ہیں اور 3کروڑ ویکسین ڈوز خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے، ایک معاہدہ کین سائنوکمپنی سے ٹرانسفورم ٹیکنالوجی کا ہے، یہ ٹیکنالوجی پاکستان آئے گی، کین سائنو کمپنی کی ویکسین کی فلنگ پاکستان میں ہوگی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسین چل رہی ہے، ویکسی نیشن سینٹر جمعہ کو بند اور اتوار کو کھلتے ہیں، آج سے 40سال عمر کے زائد لوگوں کیلئے رجسٹریشن شروع کردی ہے۔