مکہ المکرمہ (ویب ڈیسک)
عالمی وبا کووڈ-19 کے بعد پہلی مرتبہ مسجد حرام کا صحن نمازیوں سے بھرگیا۔
العربیہ نیوزویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کی عالمی وبا کے بعد المسجد الحرام میں پہلی بارطواف کا صحن نمازیوں اور عمرہ زائرین سے پوری طرح بھرگیا۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررکردہ ضابطوں کی پابندی کے ساتھ حرم میں نمازاورعمرہ کی سہولت سخت ایس اوپیزکے ساتھ جاری ہے۔
انتظامی امورالحرمین الشریفین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران 15 لاکھ افراد نے کورونا ایس اوپیز کی پابندی کے ساتھ نمازاورعمرے کی سعادت حاصل کی۔
مسجد کی انتظامیہ نے مطاف میں 14 کے بجائے 25 ٹریک کردیے ہیں۔ ان میں سے چارجوخانہ کعبہ کے قریب ترہیں، وہ بزرگوں اور معذوروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جب کہ بوڑھوں اورمعذوروں کو الیکٹرانک وہیل چیئرز پر طواف کی سہولت دی جارہی ہے۔