وزیراعظم کی 6 مہینے میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کی ہدایت
کابینہ ارکان نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی پرتحفظات کا اظہار کیا ہے،ذرائع
وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوآرڈیننس کے ذریعے ووٹنگ کاحق دینے کی ہدایت
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے 6مہینے میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کیلئے قانونی اورتکنیکی انتظامات مکمل کرنے کیلئے ڈیڈلائن مقرر کردی ہے تاہم کابینہ ارکان نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ارکان کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی ہیکنگ سے نتائج تبدیل کیے جاسکتے ہیں، کینیا اور گھانا میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی ہیکنگ کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوآرڈیننس کے ذریعے ووٹنگ کاحق دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی مشاورت سے ایک ماہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی قِسم کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی جبکہ مشیرپارلیمانی امور کو 1 ماہ میں ووٹنگ مشین کیلئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں، کنسلٹنٹ الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی و ڈیزائن پر ایک ماہ میں سفارشات پیش کرے گا۔