گلگت (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے بڑی غلطیاں ہوئیں، آج سوچتا ہوں فلاں کو وفاقی وزیر کیوں بنایا، ہمارے سابق حکمران چھٹیوں میں لندن جاتے ہیں، ان کے بچے اور جائیدادیں باہر ہیں۔

گلگت بلتستان کیلئے پیکج کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طاقتور کو قانون کے تابع لائیں گے، نیب نے ہمارے دور میں بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا، ملک سے پیسہ باہر لے جانے والے سب سے بڑے غدار ہیں، اقتدار میں آکر یہ لوگ پیسہ ملک سے باہر بھیجتے ہیں، پیسہ چوری کر کے بیرون ملک لے جانیوالے دہرا نقصان پہنچاتے ہیں، طاقتور لوگ جب چوری کرتے ہیں تو ملک کو تباہ کر دیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہ کبھی عظیم نہیں بن سکتا، چھوٹا چور محدود طبقے کو اور طاقتور پورے ملک کو نقصان پہنچاتا ہے، انصاف کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا گلگلت بلتستان کی ترقی کیلئے پیکج لے کر آئے ہیں، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے سبب ہمارے پاس پیسہ کم ہوتا ہے، کم پیسے کے باوجود ایسا پیکج بڑا کارنامہ ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے کا تاثر تھا، اسلام آباد سے گلگت بلتستان کے معاملات نہیں چلائے جاسکتے، گلگت بلتستان کی اصل صلاحیت سیاحت ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے منصوبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے، گلگت بلتستان میں ایئر پورٹ کی تعمیر کے منصوبے پر غور کریں گے، سکردو میں بین الاقوامی پروازیں لائی جاسکیں گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 سال میں ترقیاتی کاموں پر 370 ارب خرچ کیے جائیں گے، جی بی میں کمیونٹی نظام اتنا مضبوط ہے کہ ہر مسئلہ لوگ حل کرتے ہیں، سکردو اور چلاس میں ہسپتالوں کو بہتر کر رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ ہیلتھ انشورنس نہیں بلکہ صحت کا ایک نظام ہے، ناکافی وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج بڑا کارنامہ ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہے، ان کی گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، گلگت بلتستان سے خوبصورت علاقہ دنیا میں کہیں نہیں، علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام جاری ہے، گلگت بلتستان کے عوام کو با اختیار بنانا ہے، کراچی، بلوچستان، اندرون سندھ کے بعد یہاں ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان علاقےکی ترقی کیلئے سنجیدہ ہیں۔