تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن پر متعصبانہ رویہ کا الزام

مخالفین کے عمران خان کو مائنس کرنے کے عزائم پورے نہیں ہونگے

 تحریک انصاف سے "بلے” کا نشان واپس لینے کے عزائم  بھی کبھی پورے نہیں ہوں گے

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے  الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کے فیصلہ کو  متعصبانہ رویہ قراردے دیا۔ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان  میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور بالخصوص پارٹی چئیرمین عمران خان کو انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش ایک بار پھر بے نقاب ہوئی ہے ،فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد آئینی قانونی اور سیاسی راستوں سے اس کے خلاف بھرپور چارہ جوئی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے بارہا درخواستوں کے باوجود انٹرا پارٹی انتخاب کے معاملے کو ایک مخصوص مقصد کے تحت بلاجواز التوا کا شکار کیے رکھا، چیف الیکشن کمیشنر سے ہونے والی دو ملاقاتوں میں پارٹی کو آئینی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی گئی مگر فیصلہ اس کے برعکس ثابت ہوا، ترجمان تحریک انصاف مے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں "بلا” تحریک انصاف کا انتخابی نشان تھا، ہے اور "بلے” کا نشان بیلٹ پیپر پر آئندہ بھی رہے گا، عمران خان چئیرمین پی ٹی آئی تھے ،ہیں اور انشا اللہ تاحیات چئیرمین پی ٹی آئی رہیں گے ۔مخالفین کے عمران خان کو مائنس کرنے یا تحریک انصاف سے "بلے” کا نشان واپس لینے کے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن فیصلے کو مناسب فورم پر چیلنج کیا جائے گا جو کہ تحریک انصاف کا قانونی حق ہے،انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے چئیرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کور کمیٹی آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی،تحریک انصاف کا ہر عمل آئین و قانون کے مطابق ہے ۔عدلیہ سے امید ہے کہ آئینی و قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس فیصلے کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گا،