لاہور سمیت 6ڈویژن میں جمعہ اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے،مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور کاروباری ادارے جمعہ اور ہفتے کو تین بجے دوپہر کھلیں گے

6ڈویژن میں اتوار کو تمام مارکیٹیں اور ادارے بند رہیں گے، 29نومبر کو بارش کے لئے موزوں بادل ہوئے تو مصنوعی بارش برسائی جائیگی

لاہو رمیں 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی:محسن نقوی

جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلیں گے ،ہفتے کو3بجے کے بعد کھلیں گے،مین مال روڈپر اتوار کے روز گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا، صرف سائیکل آسکیں گے

سموگ میں کمی کے لئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے،عوام ماسک کی پابندی کریں:وزیراعلیٰ کی میڈیاسے گفتگو

لاہور (  ویب  نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں سموگ میں کمی لانے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ماہرین ماحولیات اورصحت کی سفارشات کی روشنی میں اہم فیصلے کیے گئے ۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت 6ڈویژن میں جمعہ اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور کاروباری ادارے جمعہ اور ہفتے کو تین بجے دوپہر کھلیں گے۔ 6ڈویژن میں اتوار کو تمام مارکیٹیں اور ادارے بند رہیں گے۔ 29نومبر کو بارش کے لئے موزوں بادل ہوئے تو مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔ لاہو رمیں 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مین مال روڈپر اتوار کے روز گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا، صرف سائیکل آسکیں گے۔ان فیصلوں کا اطلاق لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد ، سرگودھا ، ملتان اور ساہیوال ڈویژن پرہوگاکیونکہ ان ڈویژن میں سموگ کے اثرات زیادہ  ہیں۔انہوںنے کہا کہ لاہور میں ایئرفلٹرز ٹاورز لگانے کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔ طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دینے کے لئے خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیکس دینے کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ29نومبر کو مصنوعی بارش کے لئے ساز گار ماحول ہوا تو کوشش کریں گے کہ مصنوعی بارش ہوجائے۔مصنوعی بارش کے لئے بادل کا ہونا ضرور ی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مارکیٹیں بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں کسی کا نقصان نہیں کرنا چاہتے لیکن سموگ کی صورتحال کی کے تناظر میں ضروری اقدامات کیے ہیں۔ جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلیں گے ،ہفتے کے دن 3بجے کے بعد کھلیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا تناسب صبح کے وقت زیادہ ہوتا ہے اور دوپہر میں کم ہوجاتا ہے۔ سموگ میں کمی کے لئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واسا ، پی ایچ اے اور ایل ڈبلیو ایم سی آج سے پانی کا چھڑکائو ڈبل کریں گے۔ کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کی پیک کو توڑا جائے۔ عوام ماسک کی پابندی کریں تاکہ آپ کی صحت پر سموگ کے کم سے کم اثرات مرتب ہوں۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کی زیادہ ہونے کی وجہ انڈیا کی فصلوں کی باقیات جلانا ہے۔ سموگ میں کمی کے لئے مل جل کر کوششیں کررہے ہیں۔ صوبائی وزراء ، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد ،بلال افضل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری ماحولیات اور ماہرین نے سموگ کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی اور عوام کو سموگ کے اثرات سے بچانے کے لئے سفارشات پیش کیں