لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہری مزید لاک ڈائون سے بچنے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں لاک ڈائون کی صورت حال کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے لئے تعاون کرنے پر تاجر برادری سے اظہار تشکر اور اس حوالے سے انتظامیہ، پولیس، فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، لاک ڈائون شہریوں کے تحفظ کے لئے ہے، لاک ڈائون کے حوالے سے شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، شہری مزید پابندیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔لاہور کے علاقوں جیل روڈ، گلبرگ، گارڈن ٹاون اور ماڈل ٹائون کے دورے ے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے صفائی کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا اور خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں صفائی کے انتظامات تسلی بخش نہیں،صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے موثر انداز میں کام کیا جائے۔