یوم علی ، اعتکاف، شب قدر اور جمعتہ الوداع کے لئے گائیڈ لائنز جاری
یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے مجالس آن لائن ہوں یاپھرآئوٹ ڈورمنعقدکی جائیں
معتکفین مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سیلائیں اور مشترکہ سحر و افطار سے گریز کریں،این سی او سی
جمعتہ الوداع کے لئے نمازی جائے نماز ساتھ لائیں، اجتماعات میں نمازیوں کے آنے اور جانے کا الگ راستہ رکھا جائے
مساجد میں شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں ہونے والے اجتماعات میں بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد نہ آئیں
اسلام آباد(ویب نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے یوم علی رضی اللہ تعالی عنہہ ، اعتکاف، شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں اجتماعات اور جمعتہ الوداع کے لئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔این سی او سی کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ پر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایاجائے، یوم علی کرم اللہ وجہہ پر کورونا علامات والے افراد کو مجالس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے، یوم علی کی مناسبت سے مجالس آن لائن ہوں یا پھر آئوٹ ڈور منعقد کی جائیں، علما اور ذاکرین کو کورونا منفی رپورٹ ہونے پر ہی خطاب کی اجازت دی جائے۔گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ کورونا علامات والے افراد مسجد کے بجائے گھر میں ہی اعتکاف کریں، معتکفین مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سیلائیں اور مشترکہ سحر و افطار سے گریز کریں۔ جمعتہ الوداع کے لئے نمازی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں نمازیوں کے آنے اور جانے کا الگ راستہ رکھا جائے، داخلی راستے پر تھرمل اسکیننگ اور سینیٹائزر کا بندوبست یقینی بنایا جائے، صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے وضوخانوں میں بھیڑ نہ لگائی جائے، مساجد میں شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں ہونے والے اجتماعات میں بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد نہ آئیں۔