غزہ (ویب ڈیسک)

اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن میں فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو شہید کردیا۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے درندہ صفت فوجیوں نے پیر کوغرب اردن میں فائرنگ کر کے 60 سالہ فلسطینی   خاتون رحاب محمد موسی خلف زعول کو شدید زخمی کر دیا جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئیں۔غاصب صیہونی فوجیوں نے دعوی کیا ہے کہ  فائرنگ کا نشانہ بننے والی خاتون صیہونی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتی تھیں۔واضح رہے کہ اتوار کو مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں ہونے والی فائرنگ میں تین صیہونی فوجی زخمی ہوگئے تھے جنہیں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔فائرنگ کا یہ واقعہ زعترہ چیک پوسٹ پر رونما ہوا جس میں زخمی ہونے والے دو فوجیوں کی حالت نازک ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی نے اپنی گاڑی سے اترکر اللہ اکبر کا نعرہ لگایا اور صیہونی فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور فلسطینی مجاہد آپریشن کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہا،۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ اس کار سے کی گئی جو چوکی سے گزر رہی تھی۔ اسرائیلی قابض فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے مغربی کنارے میں فائرنگ کے حملے کی اطلاع ملی ہے۔بعدازاں اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اطلاع دی کہ ایک زخمی کی حالت خاصی تشویشناک ہے۔