کراچی (ویب ڈیسک)

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے منعقد کیے گئے کوویڈ ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے حیدرآباد اور شرقی کراچی میں مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

اس دوران اجلاس میں صوبائی وزراء، ڈاکٹر عذرہ پیچوہو، سعید غنی، جام اکرام اللّٰہ دھاریجو، ناصر شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، قاسم سومرو، آئی جی سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، کمشنر کراچی، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری ایجوکیشن، سیکریٹری صحت، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، کورپس فائیو، رینجرز اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو کورونا وائرس کی تیسری لہر پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں صحتیابی کی شرح 93 فیصد ہے اور شرح اموات 1.6 فیصد ہے، صوبہ بھر میں 5.4 فیصد کیسز ہیں جبکہ اپریل میں 154 مریض انتقال کر گئے۔

اجلاس میں آگاہی کے دوران مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 7 دنوں میں کراچی میں 10.42 فیصد، حیدرآباد میں 14.52 فیصد کیسز  اور سکھر میں 5.48 فیصد کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔

اجلاس کے دوران مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے  پولیس اور کمشنر کراچی کو ہدایت دی گئی ہے کہ سختی سے ایس او پیز پر عمل کروایا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے وزراء کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ شہر کا دورہ کریں، دوروں سے ایس او پیز پر عمل کرنے میں مدد ملے گی۔