کراچی (ویب ڈیسک)

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ نے اہم فیصلے کر لیے ہیں، یکم سے 22 مئی تک ہائیکورٹ اور سرکٹ بینچز میں سول مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یکم سے 22 مئی تک سندھ ہائیکورٹ اور سرکٹ بینچز میں ضمانت، حبس بے جا اور نظر بندی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوگی ۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسے حکم امتناع جس میں ناقابل تلافی نقصان ہو ان مقدمات کی سماعت بھی جاری رہے گی ،ایسی جیل اپیلیں جن میں ملزمان جیل میں ہوں ضمانت پر رہائی نہ ملی ہو، سماعت ہوگی، عدالت کی اجازت کے بعد فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت بھی ہوسکے گی۔

سیشن عدالتوں میں فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی، سیشن عدالتوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، ایسے مقدمات کی سماعت بھی جاری رہے گی جن میں حتمی دلائل جاری ہوں۔

اعلامیے میں ہدایت دی گئی کہ  اسپیشل کورٹس اور ٹربیونلز میں بھی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے ،  سماعت کے دوران عدالتوں کے احاطے میں ہجوم اکٹھا کرنے سے گریز کیا جائے۔