وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں سے ملاقاتوں میں گفتگو
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا،سابق دور میں عوام پستے رہے اور حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں۔ ان میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض، حاجی امتیاز احمد، اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے۔اس موقع پر عثمان بزدارنے کہاکہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کو ذاتی نمودو نمائش پر استعمال کیا، ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں، ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ڈھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی، سابق دور میں عوام پستے رہے اور حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہے، الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے، سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں، انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفاف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔