وزیراعظم 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

اسلام آباد( ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ ۔وہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان سمیت ایک اعلی سطح کا وفد بھی ہے۔وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت سے معیشت ،تجارت ،سرمایہ کاری ،توانائی ،پاکستانی کارکنوں کیلئے روزگار کے مواقع اور سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود سمیت دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر مشاورت کرینگے۔فریقین باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ،دورے کے دوران دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔وزیر اعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل  ،ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبد الکریم العیسی ،مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میںحرمین شریفین کے امام صاحبان سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔وہ جدہ میں پاکستانی برادری سے بھی ملاقات کرینگے، دورے کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطی علامہ طاہر اشرفی اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز بدھ کو روز جدہ پہنچ چکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے دورے میں جن شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونا ہیں ان میں گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی، نیشنل سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل، وزارت داخلہ اور وزارت ثقافت اور اطلاعات کے حوالے سے معاہدے شامل ہیں۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی رہنماوں سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان عمرے کے لیے جائیں گے اور مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔خیال رہے وزیر اعظم عمران نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ وزیر اعظم نے اب تک سب سے زیادہ سعودی عرب کے دورے کیے ہیں۔