بھارت میں شمشان گھاٹ میں لاشیں جلانے کا بھی بحران، اب دریا میں پھینکی جارہی ہیں
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید4 ہزار 187 افراد مرگئے کل2 لاکھ 38 ہزار اموات
نئی دہلی( ویب نیوز ) بھارت میں کرونا وائرس سے گزشتہ روز مزید4 ہزار 187 افراد مرگئے اس طرح مرنے والوں کی کل تعداد2 لاکھ 38 ہزار ہو گئی جبکہ 4 لاکھ ایک ہزار کرونا کے نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔ کل متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ بھارتی اخبار کے مطابق کرونا وبا سے بڑی تعداد میں اموات سے شمشان گھاٹ میں لاشیں جلانے کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ بھارتی ریاست ا ترپردیش میں اب لاشیں دریا میں پھینکی جارہی ہیں۔اترپردیش تیزی سے بدترین متاثرہ کورونا ریاست بنتی جارہی ہے۔ انفراسٹرکچر کی کمی، آکسیجن کی قلت، ادویات کے فقدان میں ریاست میں کورونا مریضوں کی اموات بڑھا دی ہے ۔ زیادہ تشویشناک بات یہ ہیکہ نعشیں دریا میں پھینکی جارہی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انڈیا میں مارچ کے وسط میں انفیکشن کی تعداد میں اضافہ نظر آنا شروع ہوا اور انتہائی سرعت سے ہر جانب پھیل گیا اور اپریل کی 30 تاریخ کو ملک میں یومیہ چار لاکھ سے زیادہ نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی۔اگلے چند دنوں میں یہ تعداد آہستہ آہستہ گھٹ کر تین مئی کو تین لاکھ 60 ہزار کے قریب گر گئی اور یہ امید ہو چلی تھی کہ اس لہر کا عروج ہو چکا ہے لیکن آنے والے دنوں میں یہ تعداد ایک بار پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے اور چھ مئی کو نیا یومیہ ریکارڈ قائم ہوا جب 24 گھنٹوں میں 414000 سے زیادہ نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی۔وائرس کے پھیلا کا صحیح اندازہ صرف وسیع پیمانے پر ٹیسٹس کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انڈیا میں ہر دن تقریبا بیس لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ مئی کے آغاز میں یہ تعداد کم ہو کر پندرہ لاکھ ہو گئی تھی، تاہم بدھ پانچ مئی کو ایک بار پھر لگ بھگ بیس لاکھ ٹیسٹ کیے گئے۔