اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے اور کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کی مساجد،امام بارگاہوں اورعید گاہوں میں نمازعید الفطرکی ادائیگی کی گئی۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔
کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت کراچی سمیت سندھ بھرکی مساجد،امام بارگاہوں اورعید گاہوں میں نمازعید الفطرکی ادائیگی کی گئی۔
مساجد انتظامیہ کے علاوہ نمازی اوراہل خیر مساجد میں کورونا ایس اوپیز کے تحت سہولت کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں،مساجد اورعید گاہوں میں ایس او پیز کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی،حفاظتی اقدامات پراٹھنے والے اخراجات کیلیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی۔
جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا، عید الفطرکے موقع پرنمازیوں کوکورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے مساجد کی انتظامیہ باجماعت نمازعید کی ادائیگی کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی داخلی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کی بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے(اسپرے فین ) نصب کیے گئے جو سینٹائزر گیٹس کا کام کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزر پنکھوں سے نمازیوں پر ڈیٹول ملے پانی اور دیگر کیمیکل کے محلول کا اسپرے کیا گیا ہے، ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہے،نمازیوں کے لیے مساجد اور امام بارگاہوں میں داخلے سے قبل ہاتھ صابن سے دھونے کے لیے دروازوں کے باہربھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔