اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت و بربریت پر گفتگو کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ترک صدررجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا جس میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت پر دونوں رہنماں نے تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماوں نے اسرائیلی جارحیت و بربریت کی مذمت کی اور اتفاق کیا کہ مسلم ممالک کو مل کر اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔رہنماوں نے اس نکتے پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے، دونوں رہنماوں نے اسرائیلی حملے رکوانے کیلیے اقوام متحدہ اور اوآئی سی میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان اوروزیراعظم عمران خان نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔دونوں رہنماں نے واقعات کو عالمی قانون اور انسانیت کیخلاف قرار دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے عزم کا اظہار کیا کہ مل کر مظلوم فلسطینیوں پر حملے رکوانے کے لیے اس مسئلے کو مل کر اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلی سطح کے تبادلے کی رفتار جاری رہے گی۔ترکی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے افغانستان میں انخلا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے لئے سیاسی حل کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا