اسلام آباد  ( ویب نیوز )
وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس کیساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران فلسطینی عوام کی جدوجہدکی مکمل حمایت کےعزم کااعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے فلسطینی صدر کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی اور بحرانی صورتحال کے دوران پاکستانی قیادت کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے پاکستان کی طرف سے ملنے والی حمایت کا خیر مقدم کیا اور غزہ اور مسجد اقصیٰ پر ہونے والے حملے پر پاکستانی قیادت کے ردعمل اور اس کے بیانات کی تعریف کی۔

محمود عباس نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے ترک صدر رجب طیب اردوان اور شاہ سلمان کیساتھ ٹیلیفونک ہوئے تھے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی حملے رکوانے کےلیے اقوام متحدہ اور اوآئی سی میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے واقعات کو عالمی قانون اور انسانیت کیخلاف قرار دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے عزم کا اظہار کیا کہ مل کر مظلوم فلسطینیوں پر حملے رکوانے کے لیے اس مسئلے کو مل کر اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فون پر دوطرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بالعموم اوراسرائیلی قابض افواج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں اور مسجد الاقصی پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بطور خاص تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے مؤ قف کا اعادہ کیا جس میں فلسطینی عوام کی جانب سے اپنے حقوق کےحصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تائید کی گئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عبّاس کے نام خط لکھا ہے، صدر کا رمضان میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر متشدد حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت کا حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

عارف علوی کی طرف سے لکھے گئے خط میں لکھا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپکے پاکستانی بہن بھائی آپکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدمات کی پرزور مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں۔