حکومت کی شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل پیر کو سپریم کورٹ میں دائرہوگی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی حکومت نے اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کے بیرون ملک جانے کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی۔

اپیل  پیر کو  سپریم کورٹ میں دائرکی جاے گی، میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اپیل پیرکو سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پٹیشن 1973 کے آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت دائر کی جارہی ہے، جس میں 12 قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں اور قانونی سوالات کے ساتھ کچھ حقائق بھی بیان کیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیاجائے، اور ہائی کورٹ کی جانب سے 7 مئی 2021کو دیئے گئے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہم شہباز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلہ چیلنج کریں گے، ہم سمجھتے ہیں عدالت کو درست طریقے سے بات بتائی نہیں گئی، دونوں طرف کے وکلا کے لیے ضروری ہے کہ عدالت کو درست حقائق بتائیں، ہم  تمام حقائق عدالت کے سامنے رکھیں گے۔