اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان اور سوڈان نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور بے گناہ فلسطینیوں پراسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے بین الاقوامی فورموں پر مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ اتفاق رائے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اوران کے سوڈانی ہم منصب مریم المہدی کے درمیان ٹیلی فون پرگفتگو کے دوران ہوا ۔

دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی تازہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔دونوں رہنمائوں نے نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بربریت کی سخت مذمت کی ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مظلوم  فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اورانسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے تشویش کاباعث ہے ۔شاہ محمود قریشی نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت روکنے کی غرض سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے بارے میں مریم المہدی کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ فلسطین کے مسئلے سے متعلق پاکستان کا موقف واضح ہے اور وہ فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا