واشنگٹن (ویب ڈیسک)
امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہا ہے کہ ہماری سیز فائر کی حمایت میں تاخیر بچوں کے قتل اور تباہی کا سبب بنی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہاکہ اب بائیڈن کو اسرائیلی قبضے کے خاتمے پر زور دینا ہوگا۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی الہان عمر نے کہا تھاکہ اسرائیل فلسطین تصادم میں ہر موت ایک سانحہ ہے، عام شہریوں کو نشانہ بنانے والا ہر راکٹ اور ہر بم جنگی جرم ہے۔الہان عمر کا کہنا تھا کہ مجھے ہر اس بچے کے درد کا احساس ہے جو خوف کے مارے بستر میں چھپ جاتا ہے۔انہوں نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاش ہم بطور قوم اس درد سے مساوی طور پر نمٹیں، اس وقت ہم ایسا نہیں کررہے۔الہان عمر کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرنے کے بجائے ہمارے بہت سے کانگریس اراکین سیلف ڈیفنس کے نام پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی حمایت کررہے ہیں۔