یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا رمضان میں 25 ارب 96 کروڑکی سیل کا دعویٰ
رمضان پیکیج کے تحت فروخت مقررہ ہدف سے 1 ارب 96 کروڑ روپے زائد ہے،دستاویز
اسلام آباد(ویب نیوز)یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت میں رمضان ریلیف پیکیج 2021 کے دوران سیل مقررہ ہدف سے زائد رہی ہے۔دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کی رمضان پیکیج کے تحت فروخت 25 ارب 96 کروڑ روپے رہی جو مقررہ ہدف سے 1 ارب 96 کروڑ روپے زائد ہے۔رواں سال رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل کا ہدف 24 ارب روپے مقرر کیا تھا تاہم اس کی سیل 25 ارب 96 کروڑ تک رہی ہے۔دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے کوئٹہ اور ایبٹ آباد کے سوا تمام زونز نے مقررہ سیل ہدف حاصل کیا ہے۔رواں سال رمضان المبارک میں اسلام آباد زون کی فروخت سب سے زیادہ 4 ارب 49 کروڑ 44 لاکھ روپے رہی ہے۔دستاویز کے مطابق لاہور زون کی فروخت 4 ارب 38 کروڑ 25 لاکھ روپے جبکہ ملتان زون 3 ارب 62 کروڑ کی سیل کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔فیصل آباد زون میں یوٹیلیٹی اسٹورز سے 3 ارب 59 کروڑ 10 لاکھ اور پشاور زون سے 3 ارب 20 کروڑ 16 لاکھ روپے کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔دستاویز کے مطابق ایبٹ آباد زون کی فروخت 2 ارب 62 کروڑ 82 لاکھ جبکہ کراچی میں 1 ارب 67 کروڑ روپے کی فروخت ہوئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیسکھر زون میں فروخت 1 ارب 45 کروڑ 16 لاکھ جبکہ کوئٹہ زون میں کم سے کم فروخت 90 کروڑ 81 لاکھ روپے ریکارڈ کی گئی۔