سسٹمز لمیٹڈ کی پسماندہ طلباء کیلئے تعلیم کو قابل رسائی بنانے کیلئے دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری
کراچی (ویب نیوز )سسٹمز لمیٹڈ نے بااختیار معاشرتی اثرات مرتب کرنے کیلئے اپنی سی ایس آر مہم کے طور پر بامقصد تعلیمی پروگرامز کے فروغ کیلئے دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک نئے اقدام کا اعلان کیا ہے۔اپنی نوعیت کے اس پہلے اقدام کے تحت پاکستان کی سب سے بہترین ٹیکنالوجی کمپنی، سسٹمز لمیٹڈ، پسماندہ طلباء کو تعلیمی مواقعوں کی فراہمی کیلئے پاکستان میں نجی طور پر کم لاگت اسکولوں کے نیٹ ورک کے ساتھ شراکت داری کرے گی۔
اس تمام عمل کا آغاز سسٹمز لمیٹڈ کی انتظامیہ اور ٹی سی ایف کے طلباء کے درمیان عید کے تہنیتی پیغامات پر مبنی خطوط کے تبادلوں سے ہوا۔جہاں امید سے بھرے ان خطوط میں گرمجوشی اور موجودہ کڑے وقت میں پر امید رہنے کے مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا،وہیں ایک طالبعلم نے اپنے آبائی شہر بورے والا پنجاب میں سیکنڈری اسکول کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا تا کہ وہ مزید تعلیم حاصل کرسکے۔ان پیغامات کا سسٹمز لمیٹڈ انتظامیہ کی جانب سے نوٹس لیا گیا اور ان بچوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے سسٹمز لمیٹڈ کے سی ای او جناب آصف پیر کا کہنا ہے کہ ”ہم اس اقدام کا آغاز ٹی سی ایف کے ساتھ مل کر بورے والا، پنجاب، میں سیکنڈری اسکول کے قیام سے کر رہے ہیں۔ یہ سلسلہ اسکول کے قیام کے بعد بھی جاری رہے گا کیونکہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ہم بطور ادارہ اپنے فلاہی کاموں سے مستقبل کو روشن دیکھنا چاہتے ہیں۔“
خواندگی کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بہت بڑا کردار ادا کرتی ہے۔یہ نوجوانوں کو علم کی دولت سے منور کرتی ہے جو ثقافت،تخلیق اور ترقی کو بڑھاوا دیتی ہے۔پاکستان میں خواندگی کی شرح محض58فیصد ہے جو کہ پڑوسی ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے،چین میں خواندگی کی شرح 80فیصد اور بھارت میں 74فیصد ہے۔یہ بلند پیداواریت اور مالی ترقی کیلئے مہارت اور تکنیکی معلومات کے حصول کیلئے مواقعوں کو کافی حد تک محدود کرتی ہے۔پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے،جنہیں باضابطہ تعلیم تک مناسب رسائی نہیں،اس طرح کے اقدامات تعلیم کے فروغ اور ملک میں خواندگی کی مجموعی شرح بڑھانے میں اہم ہیں،اس کے نتیجے میں روزگار کے بہتر مواقع اور معاشی ترقی ممکن ہے۔