کراچی :اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان

کے ایس ای100انڈیکس182.13پوائنٹس کے اضافے سے 46097.11پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا

انٹر بینک میں ڈالر مزید 55پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 20پیسے مہنگا ،فی تولہ سونا مزید 300روپے مہنگا

کراچی(ویب  نیوز)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںکاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص میںتیزی کا رجحان غالب رہا اورسرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرزخریداری میں زبردست گرمجوشی دیکھنے میں آئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس46ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے 182.13پوائنٹس کے اضافے سے 46097.11پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ 59.31فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیاجس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 37ارب 24کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 7.91فیصد کم رہا۔جبکہ مقامی کرنسی مارکیٹ میں پیر کو بھی امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستا نی روپے دباو کا شکار رہا جس کے سبب انٹر بینک میں ڈالر مزید 55پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 20پیسے مہنگا ہوگیا۔گز شتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی سرمایہ کاری میں دلچسپی دیکھنے میں آئی جس کے سبب دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس46314پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث مزکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب آگئی اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 182.13پوائنٹس کے اضافے سے 46097.11پوائنٹس پر بند ہوااسی طرح61.36پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 18780.51پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرا نڈیکس130.77پوائنٹس کے اضافے سے31199.37پوائنٹس اورکے ایم آئی 30انڈیکس480.96پوائنٹس بڑھ کر75586.62 کی سطح پر پہنچ گیا۔پیرکومجموعی طور پر242کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میںسے149کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 149میں کمی اور 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔پیر کو 76کروڑ66لاکھ43ہزار209شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ جمعہ کو71کروڑ4لاکھ28ہزار سے زائد حصص کے سودے ہوئے تھے۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 37ارب24کروڑ79لاکھ92ہزار227 روپے   بڑھ کر79کھرب99ارب 44کروڑ83لاکھ6ہزار228 روپے ہوگیا۔جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی76کروڑ66لاکھ43ہزار شیئرز رہا جو گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کے مقابلے میں5کروڑ62لاکھ14ہزار شیئرززائد ہے۔سرگرم کمپنیوں میں ورلڈ کال ٹیلی کام،سلک بینک لمٹیڈ،سمٹ بینک،حیسکول پیٹرول،فوجی فوڈز،یسونٹی فوڈز،بائیکو پیٹرولیم،ٹی آر جی پاکستان،ٹیلی کارڈ اورپیس پاکستان شامل تھیں۔قیمتوں میں اتار چڑھائوکے اعتبار سے کولگیٹ پامولوکے حصص 135روپے کے اضافے سے2994روپے اوروائتھ پاک119.64روپے کے اضافے سے1714.96روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈز15671.96روپے کی کمی سے15671.96روپے اورباٹا پاک122.94روپے کی کمی سے1627.06روپے ہوگئی۔دوسری جانب مقامی کرنسی مارکیٹ میں پیر کو بھی امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستا نی روپے دباو کا شکار رہا جس کے سبب انٹر بینک میں ڈالر مزید 55پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 20پیسے مہنگا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید55پیسے کے اضافے سے153.35روپے سے بڑھ کر153.90روپے اور قیمت فروخت153.45روپے سے بڑھ کر154روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سے153.80روپے سے بڑھ کر154روپے اور قیمت فروخت154.20روپے سے بڑھ کر154.40 ہو گئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید80پیسے کے اضافے سے186روپے سے بڑھ کر186.80روپے اور قیمت فروخت187.50روپے سے بڑھ کر188.30روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سے 216روپے سے بڑھ کر216.50روپے اور قیمت فروخت217.50روپے سے بڑھ کر218روپے ہوگئی۔جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا مزید 300روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ9ہزار400روپے کی سطح پر پہنچ گیا ۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1 ڈالر کے اضافے سے1882ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 9ہزار400روپے اور دس گرام سونے کی قیمت257روپے کے اضافے سے93ہزار793روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1420روپے مستحکم رہی۔