ہمارے دور حکومت میں نیب نے484ارب روپے ریکورکئے، عمران خان

ن لیگ کے10برسوں کے صفرکے مقابلے میں بالواسطہ کیش ریکوری کا حجم 26ارب روپے ہوچکاہے

جب حکومت مجرموں کاتحفظ نہیں کرتی اوراحتساب کی مشینری کو بِلامداخلت کام کاموقع دیتی ہے تو نتائج ملتے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں نیب نے484 ارب روپے ریکورکئے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ن لیگ کے اقتدار کے10 برسوں کے2.6 ارب روپے کے برعکس ہمارے دور میں 192 ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ ن لیگ کے10برسوں کے صفرکے مقابلے میں بالواسطہ کیش ریکوری کا حجم 26ارب روپے ہوچکاہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کے نتائج سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے 10 سالہ دورِحکومت میں پنجاب کے محکمہ انسدادِ بدعنوانی کی کارکردگی میں فرق نمایاں ہے۔ ن لیگ کے 10 سالہ مایوس کن دور کے برعکس ہماری حکومت کے گذشتہ 31 ماہ کے دران محکمہ انسدادِ بدعنوانی، پنجاب نے بدعنوان عناصرسے 220 ارب روپے واپس نکلوائے۔یہی فرق نیب کی کارکردگی میں بھی نمایاں ہے، موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی،1999سے2017 ء کے دوران وصول کئے گئے محض 290ارب کے مقابلے میں ہمارے دورِ حکومت ( 2018تا 2020 ) میں نیب نے بدعنوان عناصرسے484ارب روپے واپس نکلوائے۔جب حکومت مجرموں کاتحفظ نہیں کرتی اوراحتساب کی مشینری کو بِلامداخلت کام کاموقع دیتی ہے تو نتائج ملتے ہیں۔