لاہور (ویب ڈیسک)

سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے الیکشن کے دو سال دس ماہ بعد بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھا لیا ہے۔ قائم مقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے ان سے حلف لیا۔

چودھری نثار علی خان نے ایوان میں جانے کے لئے حکومتی ارکان کے لابی کا انتخاب کیا۔ خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے لئے ایوان میں جانے کے لئے الگ الگ لابی مختص ہے۔ چودھری نثار علی خان سپیکر چیمبر سے نکل حکومتی لابی سے ایوان کے اندر گئے۔

حلف اٹھانے کے بعد میڈیا نمائندوں نے چودھری نثار علی خان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن شدید دھکم پیل اور بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے وہ پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئے۔

چودھری نثار نے حلف اٹھانے کے بعد لاہور میں مصروف دن گزارا۔ وہ سینئر لیگی رہنما سردار ایاز صادق کے گھر گئے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری نثار ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک ایاز صادق کے گھر رہے۔

دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کے فون آنے بعد حلف سے روکنے کی بات میں کوئی سچائی نہیں، چودھری نثار کے سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن اسمبلی کا اپنا قانون ہے۔ پرسوں کسی نے فون کرکے نہیں کہا تھا کہ چودھری نثار کا حلف نہ لیں۔