کراچی (ویب ڈیسک)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم سندھ میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، سندھ حکومت چاہے تو رینجرزکی مدد دینے کو تیار ہیں، کراچی میں آپریشن ہو گا نہ گورنر راج لگے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یا وزارت داخلہ کا آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، ڈاکو راج کا خاتمے کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اگر سندھ حکومت مدد کے لیے کہے گی تو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں، یہاں تمام اداروں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر ڈاکوؤں سے نمٹیں گے۔ امن وامان کا قیام صوبے کا مسئلہ ہے۔ سندھ حکومت چاہے تو رینجرز کی مدد دینے کو تیار ہیں۔ رینجرز کن علاقوں میں چاہیے یہ صوبائی حکومت کی صوابدید ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جتنا اسلحہ چاہیے فراہم کریں گے۔ ڈاکو راج ختم کرنے کیلئے ڈرون سمیت ہر قسم کا اسلحہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ شکار پور کی صورتحال سے خود نمٹنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کو جہاں مدد کی ضرورت پڑی کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے اہم ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خاتمے کیلئے آپریشن ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے بتایا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا، اب 126 پر آ گیا ہے۔ سندھ میں پہلے کانوائے کے ساتھ سفر کرتے تھے، 2007ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے سخت آپریشن کرکے ہائی وے کلئیر کروائے۔ کراچی میں امن و امان خراب ہونے کی وجہ سے نوگو ایریا بن گئے تھے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورا سندھ گڈو سے کوٹری بیراج تک کچا ہے۔ 5 سے 6 کلومیٹر گھنا جنگل ہے۔ 23 مئی کو پولیس نے 8 مغویوں کو بازیاب کرانے کیلئے شکار پور میں آپریشن کیا۔ بکتر بند گاڑی خراب ہونے کے باعث ڈاکوؤں نے حملہ کیا، جس میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شیخ رشید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں، جب چاہیں آ جائیں، ہم مل کر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں۔
اس پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے، وزارت داخلہ مہیا کرے گی، رینجرز حاضر ہے، جب چاہے سندھ حکومت ان کی آپریشن میں خدمات لے سکتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ حساس ساز و سامان چاہیے، ان کا بندوبست سندھ حکومت کر رہی ہے، ہم جلد کچے کے ایریا سے ڈاکؤوں کا صفایا کر دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈاکوؤں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کرائے جائیں۔