پاکستان نے دہشتگردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے ایک طویل جنگ لڑی ،شاہ محمود
دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں
پاکستان اور عراق کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، عراقی وزیر داخلہ سے ملاقات میں گفتگو
بغداد (صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عراق کی طرح پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے ایک طویل جنگ لڑی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کثیر مالی و جانی نقصان سے گزرنا پڑا۔ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ داخلہ عراق کا دورہ کیا جہاں عراق کے وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے عراقی وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار، دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانی، مذہبی اعتبار سے عراق کے ساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہر سال دولاکھ سے زائد ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی زیارات مقدسہ کیلئے عراق آتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق، زائرین کی سفری مشکلات کے ازالے اور انہیں مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے، زائرین مینجمنٹ پالیسی "متعارف کروا رہے ہیں۔ زائرین مینجمنٹ پالیسی پر موثر عملدرآمد کیلئے، ہمیں عراقی حکومت کی معاونت درکار ہو گی۔ وزیرخارجہ نے، پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی طرح پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے ایک طویل جنگ لڑی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کثیر مالی و جانی نقصان سے گزرنا پڑا۔ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے وزیر خارجہ کو وزارت داخلہ عراق آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، کورونا وبا کے دوران،عراقی بھائیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے کی گئی معاونت پر پاکستانی قیادت و عوام کا شکریہ ادا کیا۔ عراقی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دو باہمی دلچسپی کے امور پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔