چارسدہ۔۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کو کنفیوژن کا شکار قرار دے دیا
ہر ایک کے اپنے نظریات ہوتے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے لیے مثبت جذبات رکھنے چاہئیں
پی ڈی ایم میں عدم اعتماد کا آپشن تھا۔ عدم اعتماد کی صورت میں عثمان بزدار وزارت اعلیٰ کے عہدے پر نہ رہتے
جو بھی سیاسی جماعت اپنے نظریے پر کلیئر ہے وہ حکومت کو زیادہ ٹف ٹائم دے سکتی ہے،ولی باغ سے ہمارے خاندانی اور سیاسی رشتے ہیں
پیپلز پارٹی اور اے این پی ساتھ مل کر حکومت کے خلاف لائحہ عمل طے کرے گی،بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو
چارسدہ(ویب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کو کنفیوژن کا شکار قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں اپوزیشن جماعتیں کم از کم پارلیمنٹ میں کنفیوژن کا شکار نہ ہوں۔ جو بھی سیاسی جماعت اپنے نظریے پر کلیئر ہے وہ حکومت کو زیادہ ٹف ٹائم دے سکتی ہے۔ ہر ایک کے اپنے نظریات ہوتے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے لیے مثبت جذبات رکھنے چاہئیں۔ پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی۔ پی ڈی ایم میں عدم اعتماد کا آپشن تھا۔ عدم اعتماد کی صورت میں عثمان بزدار وزارت اعلیٰ کے عہدے پر نہ رہتے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ولی باغ چارسدہ میں اے این پی کی رہنماء بیگم نسیم ولی خان مرحومہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ولی باغ سے ہمارے خاندانی اور سیاسی رشتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور اے این پی ساتھ مل کر حکومت کے خلاف لائحہ عمل طے کرے گی ۔ ہم دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام تاریخی غربت کا مقابلہ کررہی ہے۔ہر سیاسی جماعت کا اپنا نظریہ ہے اس کے مطابق سیاست کرے۔پی ڈی ایم میں احتجاج اور عدم اعتماد کو پہلے اور آحر میں استعفیٰ کا آپشن تھا۔قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ولی باغ پہنچے جہاں انہوں نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدرخان ہوتی سے اظہار تعزیت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحومہ بیگم نسیم ولی خان کے جنت میں بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ بلاول بھٹو نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر لواحقین کے لئے بھی صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، نیر بخاری، فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی ، ہمایون خان ، ملک طہماش، روبینہ خالدا ور امجد آفریدبھی موجود تھے۔