کویت نے اسرائیل کے ساتھ تجارت، روابط اور حمایت کو قابل سزا جرم قرار دے دیا۔
کویت (ویب نیوز )
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیجی ریاست کی پارلیمنٹ نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم سے تجارتی و معاشی روابط پر سزا کا قانون منظور کر لیا ہے۔
مسودہ قانون کے تحت اسرائیل کے ساتھ تجارت کرنے والوں کو ایک سال سے تین سال تک سزا ہو گی۔ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی براہ راست یا بالواسطہ رابطوں پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
قانون کے تحت اسرائیل میں مقیم کسی کویتی یا غیر ملکی کے مملکت میں سفر پر بھی پابندی عائد ہو گی جب کہ کسی بھی قسم کے ہمدرددانہ جذبات اور حمایت بھی جرم قرار دیا جائے گا۔
یہ بل گزشتہ ہفتے پانچ ارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کروایا گیا تھا جسے بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔
گزشتہ دنوں کویت میں ہزاروں افراد نے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف احتجاج کیا تھا جس میں اسرائیلی پرچم کو نذرآتش کر کے تعلقات پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔