مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک)

مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ فلسطینی باشندے قابض صہیونی ریاست کے شہر سے جبری بے دخلی کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خلاف ڈٹ جائیں۔ ا نہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ القدس کے باشندے اسرائیل کی جبری بے دخلی کی ظالمانہ پالیسی کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکیں ، القدس سے فلسطینیوں کو نکال باہر کرنے کا اسرائیلی ہتھکنڈہ دراصل فلسطینیوں کو مسجدا قصیٰ سے دور کرنا ہے، ہمارے پاس مسجدا قصیٰ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنانے اور قبلہ اول کی طرف سفر کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی شرپسندوں کے دھاووں میں اضافے اور سیف القدس معرکے کے بعد قبلہ اول کی بے حرمتی میں اضافہ دراصل غزہ جنگ میں اسرائیل کی شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ صہیونی غزہ جنگ کی شکست کا بدلہ لینے کے لیے صہیونیوں نے قبلہ اول پر یلغار بڑھا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل بیت المقدس کے فلسطینیوں کے حقوق کو کئی طرح سے پامال کررہا ہے۔ ان میں القدس کے باشندوں کی ان کے گھروں سے جبری بے دخلی اور ان کے مکانات کی زبردستی مسماری بھی ہے۔